ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین تاریخی رشتہ قائم ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ نائیجیرین وزیر دفاع اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی سربراہ پاک فضائیہ سے الگ الگ ملاقات ہوئی، ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائیجیرین وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ قابلِ تعریف ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے، پاکستان سلطنت بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ملاقات میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام میں پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے، پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی اور فوجی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان پیشہ وارانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔