وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس کاعنوان ’’اتحاد‘‘ ہے۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے آفیشل ترانے کے لانچ کی تقریب ہوئی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے لئے وزارت اطلاعات کی بہت کاوشیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہ میں پاکستان دوسری مرتبہ امت مسلمہ کی میزبانی کر رہا ہے، امت مسلمہ کے رہنما 23مارچ پریڈ میں بھی شریک ہوں گے، مسلم امہ کو اس وقت بہت سے مسائل در پیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے، پوری دنیا اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے متفق ہو گئی ہے، بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم پر دنیا کی توجہ مبذول کروائیں گے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلہ کی سنگینی ہماری نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکتی، او آئی سی کے اجلاس کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ آج دنیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ان چیلنجز پر مل بیٹھ کر تبادلہ خیال کیا جائے گا، او آئی سی اجلاس میں 100 سے زائد قراردادیں پیش کریں گے، کوشش ہوگی کہ اس اجلاس کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر دنیا کی توجہ مبذول کروائیں، او آئی سی اجلاس کاعنوان ’’اتحاد‘‘ ہے۔