او آئی سی کی فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے اسرائیلی فورسز کی فلسطینیوں پر تشدد کی پُرزور مذمت کی گئی ہے۔

او آئی سی کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی جارحیت افسوسناک ہے، اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم و ستم کرنے کے علاوہ مقدس مقامات کی بے حرمتی بھی کر رہا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے اور عالمی برادری اسرائیل کو پر تشدد کارروائیوں سے روکے۔

او آئی سی نے مزید کہا کہ اسرائیل کو عالمی معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں ماہِ مقدس رمضان المبارک میں بھی جاری ہیں۔

وحشی اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے پہلے روزے کو ہی فائرنگ کرکے تین بے گناہ فلسیطنی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
اسرائیلی پولیس حکام کی جانب سے شہید ہونے والے تینوں نوجوانوں پر القدس بریگیڈ اور فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے مسلح ونگ کے اراکین اور سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے مہاجر کیمپ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے دوران دو فلسطینی نوجوان شہید اور تین زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں