پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ میں ایک بار پھر تبدیلی کی گئی ہے جس کے بعد 16 تاریخ کو ہونے والا اجلاس آج شام بلا لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج طلب کیا جانے والا اجلاس پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے طلب کیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں وزراعلیٰ کا بھی انتخاب کیا جائیگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپرل تک مؤخر کردیا تھا۔
اس حوالے سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق 3 اپریل کو اجلاس کے دوران ہونے والی توڑ پھوڑ کی وجہ سے مرمت کے لیے کچھ دن درکار ہیں۔ اس لئے اجلاس اب 16 اپریل کو ہوگا جس میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
تاہم پنجاب اسمبلی کے اگلے اجلاس کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل کرتے ہوئے 16 تاریخ کو ہونے والا اجلاس آج شام ساڑھے سات بجے بلا لیا گیا ہے۔
معاملے کا پس منظر
اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کے بعد عثمان بزدار نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
3 اپریل کو ایوان میں نئے وزیر اعلیٰ کے لیے پرویز الہیٰ اور حمزہ شہباز کے درمیان مقابلہ ہونا تھا تاہم ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے اجلاس 6 اپریل تک کے لیے ملتوی کردیا تھا۔
اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد اپوزیشن ارکان نے ایوان کے اندر ہی دھرنا دے دیا تھا۔
اسمبلی کے عملے سے دھرنے کے شرکا کو ایوان سے نکالنے کے لیے بجلی منقطع کردی تھی۔