ایوانِ صدر نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے متعلق خط جاری کردیا

ایوانِ صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خط جاری کردیا گیا ہے۔

خط میں الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے کیلئے تاریخ دینے کا کہا گیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 48 5(A) اور آرٹیکل 224 (2) کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کرانے کی تاریخ مقرر کریں گے ۔

قومی اسمبلی کے انتخابات کیلئے اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن کے اندر اندر انتخابات کرانا ہوتے ہیں۔
عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے الیکشن ایکٹ ، 2017 ء کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلا س میں بابر اعوان، فواد چوہدری، اسد عمر اور سیکریٹری قانون نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کی تاریخ کے تعین کے لئے امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن 90 دن میں یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

صدر مملکت الیکشن کمیشن کی مشاورت سے الیکشن ڈے کا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں