پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے لندن میں پاکستانی مشن کو بھی ہدایات دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ نوازشریف سفارتی پاسپورٹ پر وطن واپس آئیں گے جبکہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہے، اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ساڑھے تین سال قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے منسوخ کرا دیا تھا، سابق وزیر خزانہ کے پاسپورٹ کے اجرا کے بعد وطن واپسی ہو گی اور وہ سعودی عرب میں عمرہ ادا کر کے واپس آئیں گے۔
وزیراعظم نے نواز شریف کا شکریہ ادا کر دیا
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ میاں صاحب، آپ کی محبت، سپورٹ اور رہنمائی کا بہت بہت شکریہ، ترقی کا سفر جہاں آپ نے چھوڑا تھا ہم اس کو وہیں سے آگے لے کر چلیں گے، انشاء اللہ دن رات ایک کر کے قوم اور ملک کو درپیش تمام مسائل سے بھی نکال لیں گے۔