حکومتی وزیر اعلیٰ پنجاب کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ علیم خان اور حمزہ شہباز کی آپس کی لڑائی سے میرا کیا تعلق ہے؟
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ن لیگ کا ہاضمہ خراب کر کے ہی دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ بن کر آپ کے لئے بہت کام کرنے ہیں، ہم کامیابی کے لئے پر امید ہیں، علیم اور حمزہ کی آپس کی لڑائی سے میرا کیا تعلق ہے۔
عبدالعلیم خان کا پرویز الٰہی کے نام اہم پیغام
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علیم خان نے پرویز الہیٰ کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پرویز الٰہی کو معلوم ہو چکا ہے کہ شکست اُن کا مقدر بن چکی ہےتو وہ بھونڈی حرکتوں پر آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔
علیم خان نے پرویز الٰہی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کے میدان میں آئیں تو انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئیگی۔
اس حوالے سے ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایسی بھونڈی حرکتوں سے پرویز الٰہی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ہم سب متحدہیں، پراپیگنڈہ مہم کے پیچھے کار فرما عناصر ناکام رہیں گے جس کے لئے عبد العلیم خان غیر مشروط طور پر اپوزیشن کا ساتھ دے رہے ہیں۔
دوسری جانب علیم خان نے بتایا کہ حمزہ شہباز کے ساتھ ان کا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کا رشتہ ہے اور وہ ان کے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں اور انہیں ہی وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔