لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق ملاقات میں صدر مملکت کے مواخذے کیلئے تجاویز طلب کرلی گئیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کا فیصلہ واپس لینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات کی اندرونی کہانی میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں چارٹر آف ڈیمو کریسی ٹو کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں صدر مملک کے مواخذے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کی گئیں، سابقہ حکومت کی الیکشن ترامیم کو ختم کرنے بھی گفتگو کی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ ای وی ایم مشینوں پر الیکشن کروانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے گا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس آج لندن میں ہوگا، پیپلز پارٹی سے شیری رحمٰن، نوید قمر، قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ ن سے اسحٰق ڈار، عابد شیر علی شریک ہوں گے۔
اجلاس میں میثاق جمہوریت اور دیگر معاملات کے حوالے سے تجاویز پر غور ہوگا، ملاقات کے بعد رپورٹ نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائے گی۔