افغانستان سے پھر دراندازی اور دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا انتہائی موثر جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ دیواگر شمالی وزیرستان کے علاقے پاک افغان بارڈر پر کی گئی۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا انتہائی موثر جواب دیا، مصدقہ اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار تیمور، نائیک شعیب، سپاہی ثاقب نواز شہید ہوئے۔ دہشتگردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان امید کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں کو روکے گی، دہشگردی کے خلاف پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔