جامعہ کراچی میں غیر ملکی اساتذہ کی وین میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کامرس ڈپارٹمنٹ کے سامنے گاڑی میں دھماکا ہوا جس کے باعث 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
گاڑی اور موٹر سائیکل میں آگ لگ گئی، دھماکے سے کامرس ڈپارٹمنٹ کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
دھماکا وین میں ہوا،دھماکے کی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا۔
جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کواسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی اساتذہ کی گاڑی کے ساتھ دوسری گاڑی ٹکرائی جس کے بعد دھماکہ ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
جامعہ کراچی کے کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر زبیر نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ گاڑی پرائیویٹ تھی یا پک اینڈ ڈراپ یہ معلوم تاحال نہیں ہو سکا ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے سیکورٹی انچارج زبیر نے چند روز قبل چینی باشندوں کی آمدو رفت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا کہ وہ بغیر بتائے آتے جاتے ہیں۔
نئی وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ زبیری نے چند روز قبل ہی کیمپس ایڈوائزر اور سیکورٹی انچارج کو تبدیل کیا تھا۔