اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ملکی معیشت بارے رواں مالی سال کی جولائی تا مارچ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے۔
وزات خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پہلے 9 ماہ میں ترسیلات زر 17.1 فیصد اضافے سے 23 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ملکی برآمدات 26.6 فیصد اضافے سے 23.70 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی جبکہ ملکی درآمدات 41.3 فیصد اضافے سے 53.80 ارب ڈالر کی سطح عبور کرگئی۔’
رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 13.2 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسٹیٹ بینک 10 ارب 54 کروڑ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.03 ارب ڈالر رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 9 ماہ میں ٹیکس ریونیو 28.9 فیصد اضافے سے 4 ہزار 375 ارب روپے رہا، جولائی تا مارچ نان ٹیکس آمدنی 14.3 فیصد کمی سے 1 ہزار 52 ارب رہی۔
وزرات خزانہ کے مطابق جولائی تا مارچ پی ایس ڈی پی کی مد میں 603 ارب روپے منظور کیے گئے، مالیاتی خسارہ بڑھ کر 2 ہزار566 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔
پہلے 9 ماہ میں زرعی قرضے 0.5 فیصد اضافے سے 958 ارب روپے کی سطح پر رہے اور مارچ میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 12.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔’
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلے 9 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.8 فیصد ریکارڈ کی گئی اوربڑی صنعتوں کی شرح نمو فروری میں 8.6 فیصد رہی۔
بڑی صنعتوں کی شرح نمو جولائی سے فروری کے دوران 7.8 فیصد رہی جبکہ اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45 ہزار 871 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔