عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفق نے ہلڑ بازی اور مسجد نبویﷺ کے تقدس کی پامالی کو عمران خان کی فتح قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں مسجد کے تقدس کو پامال کیا گیا اور کچھ افراد کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔
اس واقعہ کے بعد سوشل میڈیا سمیت سماجی، سیاسی اور ہر طبقہ فکر کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے اور سعودی حکام سے کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق بھی مسجد نبوی ﷺ میں ہلڑ بازی کے موقع پر وہاں موجود تھے۔
شیخ راشد شفیق نے ہلڑ بازی اور مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کی پامالی کو عمران خان کی فتح قرار دے دیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
ویڈیو میں شیخ راشد شفیق کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ پاکستانی حکومت کے لوگ یہاں آئے تھے، لوگوں نے یہاں چور چور کے نعرے لگائے، یہ عمران خان کی فتح ہے، یہ خانہ کعبہ جائینگے وہاں بھی انکے خلاف نعرے لگیں گے۔