ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی جانب سے فیصل آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دوبئی جانے والے مسافر سے 2.614 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔
ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ مسافر بلال جان نے ہیروئن بیگ کے اندر برتن کے پیندے میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
اے ایس ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 ہفتے قبل بھی اے این ایف انٹیلیجنس نے کراچی میں بڑی کارروائی کی تھی، کارروائی کے دوران منشیات کا دھندا کرنے والے نیٹ ورک کے تین کارندے گرفتار کر لئے گئے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے 94.800 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ مجموعی طور پر 1200 گرام چرس کے 79 پیکٹ برآمد ہوئے اور جوہر چورنگی کے قریب دورانِ تلاشی رکشہ سے 2 پیکٹ چرس برآمد ہوئی تھی۔
اے این ایف کے حکام نے بتایا تھا کہ گرفتار ملزمان بلوچستان اور پشاور سے منشیات کراچی اسمگل کر کے مقامی منشیات فروشوں کو فروخت کرتے ہیں۔