جامعہ کراچی میں ہونے والے افسوسناک واقعے کے بعد سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں جبکہ اساتذہ سمیت طلباء کی شناحت لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
جامعہ کراچی میں خود کش دھماکے کے بعد طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی میں داخلے کے وقت سیکورٹی چیک کے بعد اندر جانے دیا جارہا ہے۔
مسکن گیٹ ، سلور جوبلی گیٹ سمیت دیگر گیٹس پر جامعہ کراچی کی سیکورٹی اور رینجرز کی نفری تعینات ہے جہاں اسٹوڈنٹس کے بیگ کی بھی تلاشی لی جارہی ہے جبکہ استاتذہ کارڈز دکھاکر اپنی گاڑیوں میں اندر جاسکتے ہیں۔
جامعہ کراچی سلور جوبلی گیٹ کے ایک گیٹ کو مرد اور ایک گیٹ کو خواتین کے داخلے کے لئے مختص کیا گیا ہے جبکہ واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں ۔
جامعہ کراچی انتظامیہ کے ذمہ داراں بھی یونیورسٹی گیٹس پر سیکورٹی صورتحال کو مانیڑ کرنے کے لئے موجود ہیں۔
علاوہ ازیں جامعہ کراچی میں پرائیوٹ وینز کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ دھماکے سے قبل گاڑیاں ، رکشہ ، ٹیکسی ، پرائیوٹ وینز بھی جامعہ کراچی کے 50 سے زائد ڈیپارٹمنٹس تک جاتی تھی ۔