کور کمانڈر پشاور سے متعلق سیاستدانوں کے بیانات انتہائی نامناسب ہیں:ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔ آرمی چیف کے عہدے کو بلاوجہ موضوع بحث نہ بنایا جائے، یہ کسی کے مفاد میں نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے، پشاور کور دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہر اوّل دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں، ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں، افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر کر رہے ہیں۔ اس لئے سینئر قومی سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف ایسے متنازع بیانات سے اجتناب کریں۔

بار بار کہہ رہے ہیں فوج کو سیاست سے دور رکھیں: ترجمان پاک فوج

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں سب کچھ واضح ہے، سینئر سیاستدانوں کی طرف سے مختلف مواقعوں پر نامناسب بیانات دیے جا رہے ہیں، کافی عرصے سے برداشت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، بار بار کہہ رہے ہیں کہ فوج کو سیاست سے دور رکھیں، ملک میں سکیورٹی کے چیلنجز بہت زیادہ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں اور اندرون ملک اہم ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں، تمام فوکس ان تمام ذمہ داریوں پر ہے، سیاسی حالات میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں، میں میڈیا، سیاستدانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ فوج کو سیاسی گفتگو سے دور رکھیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق باتیں بالکل بھی مناسب نہیں ہے، تقرری کا طریقہ کار آئین اور قانون میں واضع کر دیا ہے، تقرری آئین اور قانون کے مطابق ہو جائے گی، اس موضوع کو بحث بنانا اور بات چیت کرنا اس کو متنازع بنانے کے مترادف ہے، آرمی چیف کی تقرری سے متعلق ایک بار پھر درخواست ہے اس کو موضوع بحث نہ بنائیں۔

سیاستدانوں کی جانب سے الیکشن کروانے کے مطالبے کے سوال پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ الیکشن کرانے سے متعلق ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، سیاست کا ہمارے ساتھ تعلق نہیں، ایک سال سے واضح طور پر عمل کر کے دکھایا ہے، کسی بھی ضمنی انتخابات، بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر سیاسی معاملات دیکھ لیں ہم نے واضح طور پر ان چیزوں سے اپنے آپ کو دور رکھا، اب اس کی تصدیق تمام سیاستدان کر رہے ہیں۔ سیاسی صورتحال میں مداخلت کی باتیں مناسب نہیں، یہ کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتی۔

لانگ مارچ خونی ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اس پر کوئی کمنٹ نہیں کرنا چاہتا، ملک کی سکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ ملک پر کوئی آنچ نہیں دیں گے۔

جلد الیکشن کا فیصلہ سیاستدانوں نے کرنا ہے، فوج کا کوئی کردار نہیں: میجر جنرل بابر افتخار

دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ کچھ عناصر چاہتے ہیں پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کے درمیان جو ایک محبت ، اعتماد کا رشتہ ہے اس میں کسی طرح سے دراڑ ڈالی جائے۔ یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، ڈس انفارمیشن لیب اس کی مثال ہیں جو پندرہ سال سے یہ حرکتیں کر رہی تھیں۔ فوج اور عوام کے رشتے میں کوئی دراڑ نہیں آ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر پشاور کے حوالے سے بیان جاری کرنا بدقسمتی ہے، یہ کسی ایک پولیٹیکل پارٹی کے لیے نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے کچھ ایسے بیانات دیئے ہیں جس کا تعلق سینئر فوجی قیادت اور ادارے سے متعلق ہے اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس پر بار بار تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بار بار مطالبہ کر رہے ہیں سیاسی گفتگو سے پاک فوج کو باہر رکھیں۔ 74 سال سے سیاستدانوں کا بھی یہی مطالبہ ہے، ادارے نے جب فیصلہ کیا ہے اور واضح طور پر بتا دیا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، سکیورٹی چیلنجز بہت زیادہ ہیں، ملکی حفاظت کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے خدانخواستہ فوج میں دراڑ ڈال سکتا ہے، اس کو فوج کا پتہ نہیں، پاک فوج کے جوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دے رہے ہیں، سب جوان آرمی چیف کی طرف دیکھتے ہیں، ادارے میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ تنقید پر کسی کو پرابلم نہیں ہے، سوشل میڈیا پر فوج سے متعلق تنقید نہیں، پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، کچھ عرصے سے بار بار ترجمان پاک فوج کی حیثیت سے بات کر رہے ہیں کہ ملک پر ہائبرڈ وار فیئر مسلط کی جا رہی ہے، ہائی لیول کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ تمام سیاستدان، میڈیا سمیت ادارے سمجھیں کہ ہمیں متنازع نہ بنائیں۔

پشاور کور سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ فوج کے اندر کسی بھی رینک پر اہم عہدہ کمانڈ ہوتی ہے، چاہے کسی بھی کور کی کمانڈ ہو، کور کی کمانڈ آرمی چیف کے بعد سب سے اہم ہوتی ہے۔ 70 فیصد فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی)، پاک افغان، پاک ایران بارڈر سمیت مختلف جگہوں پر تعینات ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

الیکشن سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جلد الیکشن کا فیصلہ سیاستدانوں نے کرنا ہے، فوج کا کوئی کردار نہیں، سینئر سیاستدانوں کی حیثیت ہے وہ آپس میں بیٹھ کر بات کر سکتے ہیں، سیاسی معاملے میں فوج کو جب بھی بلایا گیا ہے معاملہ متنازع ہوا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے آپ کو سیاسی چیزوں سے دور رکھیں، الیکشن کی سکیورٹی کے معاملے پر ہماری ضرورت پڑی تو فوج اپنی خدمات دینے کے لیے تیار ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فوج سیاستدانوں کو ملاقات کے لیے نہیں بلاتی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ واضح کر چکے ہیں، ملاقات کے لیے بار ہا سیاستدانوں کی طرف سے درخواست کی جاتی ہے، آرمی چیف کہہ چکے ہیں میں کبھی خود ملنے نہیں گیا۔ اگر سیاستدان ملنا چاہتے ہیں تو اس پر ملنا پڑتا ہے۔ ساری کی ساری ذمہ داری محترم سیاستدانوں پر ہے۔

ڈی جی آئی ایس آئی کے دورہ امریکا سے متعلق انہوں نے کہا کہ میرے پاس اس طرح کی معلومات نہیں ہے، ان کے دوروں کو اوپن نہیں رکھا جاتا، دورہ سے متعلق بیک گراؤنڈ میں چلتی رہتی ہیں۔ انٹیلی جنس شیئرنگ ہوتی ہے جس طرح کے سکیورٹی چیلنجز ہمارے ریجنز میں چل رہے ہیں ان کا تعلق بلواسطہ اور بلاواسطہ ہمارے ریجن کے ساتھ بنتا ہے، تمام ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کے ساتھ اور ہمارے انٹیلی جنس چیف کی ملاقاتیں ہوتی ہیں اس کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ بھی ہوتی ہے، اس لیے ابہام پیدا نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان اور آفیسرز عزیز و اقارب اور سوسائٹی سے کٹ کر نہیں بیٹھے، غلط قسم کی بات چیت ادارے کے بارے میں ہوتی ہے تو جوانوں پر معلومات پہنچتی ہیں، اس طرح کے بیانات کے اثرات ادارے کے مورال پر ہوتے ہیں، پاک فوج میں رینک اینڈ فائل متاثر ہوتا ہے، کئی بار سن چکا ہوں کہ جوانوں کی بہت عزت کی جاتی ہے، ادارے میں جوانوں، آفیسرز کو یقین ہے اس پر لیڈر جو بیٹھا ہے وہ اس کے ساتھ ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں آفیسرز اور جوانوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، میجر، کرنل، بریگیڈر، جنرل سمیت ہر رینک میں جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہوا، تنقید کرنے والوں کو پتہ نہیں فوج کام کیسے کرتی ہے۔ ہمارے جوانوں کو آرمی چیف اور کور کمانڈر پر بھروسہ ہوتا ہے۔

آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاک فوج کی سینٹر آف گریویٹی چیف آف آرمی سٹاف ہے۔ یہ سب کو کلیئر ہونا چاہیے، سپہ سالار کی تعیناتی اور ان کی ذات پر جب کوئی بات کی جاتی ہے اس کا اثر پوری فوج پر ہوتا ہے، اس طرح کی بات بلاوجہ اور بلاجواز اور بحث میں تعیناتی کو لیکر آنے منفی اثر پڑتا ہے، اسی لیے بار بار کہا جاتا ہے کہ فوج، اس کے ماضی کے کردار اور قیادت کو ٹیلی ویژن پر موضوع بحث بنایا جاتا ہے، اس لیے درخواست کرتے ہیں فوج کو اس کی قیادت کو اس معاملات میں نہ لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں