جاوید لطیف نے عمران خان کو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ملک میں فساد، اداروں اور معیشت کو کمزور کرنا ہے۔
وفاقی وزیر جاوید لطیف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی باتیں ریاست کیلئے مفید نہیں، کسی کو ملک کا تشخص تباہ کرنے کی اجازت نہیں، متنازعہ شخص کو کسی اہم قومی عہدے پر نہیں آنا چاہیے، ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کرنے کا تہیہ کر چکے ہیں، عمران خان ملک میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی، یہ ملک میں خانہ جنگی کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان 20 سال سے قومی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد معیشت اور اداروں کو کمزور کرنا ہے، عمران خان قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں، کسی کو ملک کا تشخص تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان ملکی چیلنجز میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، ان کا مطالبہ ہے الیکشن کرائے جائیں، ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں، صبح الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، انتخابات سے قبل اصلاحات کرنا چاہتے ہیں۔