وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے آج صبح گوجرانوالہ – حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا میں پیش آنے والے خوفناک حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے اصلاحات کی جائیں اور بہتر سڑکوں کی تعمیر اور انتظامی اقدامات سے حادثات کو کم کرنے کے پروگرام پر عمل کریں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے گوجرانوالہ کے قریب کوٹ لدھا میں ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا گیا ۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر گوجرانوالہ اور آر پی او گوجرانوالہ سے افسوسناک واقعہ کے بارے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم جاری کیا ۔
خیال رہے کہ گوجرانوالہ – حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا میں آج صبح ایک خوفناک حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دو مسافر وین سڑک کے کنارے کھڑے ڈمپر سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک بچی اور 6 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہوئے۔
زخمیوں سمیت ایک شخص کی نعش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال حافظ آباد منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 11 نعشوں کو سول اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا ہے۔