محکمہ زراعت نے ملتان میں چھاپہ مارا کر 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جعلی کھاد پکڑ لی۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظفر عباس و دیگر اہلکاروں نے مخبر کی اطلاع پر کی جس کے نتیجے میں 2 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ریڈ کنگ ایگرو کیمیکلز فیکٹری موضع حامد پور مظفر گڑھ روڈ ملتان میں کی گئی۔
پولیس کے مطابق جعلی کھاد سے بھرے پکڑ گئے ٹرک میں 100 بیگ این پی کھاد بوزن 50 کلوگرام فی بیگ تیار کرکے ٹرک میں لوڈ کیے جارہے تھے۔
خیال رہے کہ پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول آرڈر کے تحت تھانہ مظفر آباد میں ایف آئی آر نمبر 723/22 کا اندراج کرا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل بھی ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے کھاد مافیا کے خلاف کارروائی کی تھی جس کے نتیجے میں اسمگلنگ کی نیت سے ذخیرہ کی گئی یوریا کھاد پکڑ لی اور کھاد کے مالک عمران خان کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے 300 بوری کھاد قبصے میں لے کر گودام کو سیل کر دیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ کی گئی کھاد کو بلوچستان سمگل کیا جا رہا تھا۔
عامر کریم نے کہا کہ ہم پکڑی گئی کھاد کنٹرول ریٹس پر کاشتکاروں کو فروخت کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کھاد کی بلاتعطل فراہمی کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔