ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں لوگ جنگ، دہشتگردی، ملیریا، ایچ آئی وی، ٹی بی، منشیات اور شراب سے زیادہ آلودگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ 2019ء میں 90 لاکھ افراد آلودگی کے باعث ہلاک ہوئے۔ سب سے زیادہ 24 لاکھ اموات بھارت میں ہوئیں۔
لانسیٹ کمیشن کی بدھ کے روز شائع ہونے والی نئی عالمی رپورٹ کے مطابق ہوا، پانی اور مٹی میں انسانوں کی پھیلائی گئی آلودگی کی وجہ سے اگرچہ فوری طور پر موت واقع نہیں ہوتی لیکن اس کے نتیجے میں لوگ امراض قلب، کینسر، سانس کے مسائل، اسہال اور دیگر سنگین بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مصنف رچرڈ فویلر کا کہنا ہے کہ 2019ء میں دنیا بھر میں قبل از وقت ہر چھ اموات میں سے ایک یا تقریباً 90 لاکھ اموات آلودگی کے سبب ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آلودگی انسانی صحت اور کرہ ارض کی صحت کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے جبکہ کیمیائی آلودگی بھی ایک اور بڑا عالمی خطرہ ہے۔