شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح سویرے سے ہی شہر کا مطلع ابر آلود ہے جبکہ دن بھرمطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ دن میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
محکمہ موسمییات نے مزید بتایا کہ آج شام میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے البتہ سمندری ہوائیں بحال ہونے اور درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کا امکان ہے جس کے لئے احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں.
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے رواں سال ملک بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس سال ملک کے بیشتر حصوں اور شمالی حصوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سالانہ 22 ویں جنوبی ایشیائی موسمیاتی آؤٹ لک فورم کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ چار ماہ کے موسم گرما کے مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ شمال، گلگت بلتستان، شمال مغربی خیبرپختونخوا میں مون سون کے موسم کے دوران معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے نتیجے میں برف پگھلنے میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس کے نتیجے میں علاقے میں سیلاب اور گلاف کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب اور تیز بارشوں سے لوگوں کی زندگیوں اور معاش کے ساتھ ساتھ عوامی انفراسٹرکچر کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔