لاہور: ماڈل ٹاؤن میں چھاپے کے دوران ایک گھر کی چھت سے فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل جاں بحق ہو گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کے مطابق پولیس نے شہر میں جاری کریک ڈاؤن کے حوالے سے گھر پر ہلا گلہ کرنے پر چھاپہ مارا جس دوران گھر کی چھت سے فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر کانسٹیبل کمال احمد شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کانسٹیبل کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے فائرنگ کے الزام میں گھر کے مالک ساجد اور اس کے بیٹے مکرم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے چھاپے کے دوران مکان کی چھت سے فائرنگ اور اس کے نتیجے میں پولیس اہلکار کی شہادت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے کرائے داری ایکٹ کے معاملے پر چھاپا مارا، چھاپے کے دوران ساجد نامی شخص کے گھرکی چھت سے کسی نے فائر کیا۔