پٹرول مہنگا کرنے سےروپیہ مستحکم ہوا: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے پٹرول مہنگا کرنے سے روپیہ مستحکم ہوا، آٹے اور چینی کی قیمتیں کم کرنے پر آج عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کبھی بھی نہیں کہاکہ آئی ایم ایف کومنالوں گا، خان صاحب نے جس طرح سبسڈی دی حکومت دیوالیہ ہوجاتی، ریلیف پیکیج کے تحت حکومت غریب عوام کوتحفظ دےرہی ہے، ہم نے امیر لوگوں کیلئے سبسڈی ختم کی،غریبوں کو دے رہےہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ہماری مزید مدد کرنا چاہ رہا ہے جس پرجولائی میں بات کروں گا، سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کی توسیع بھی ہوجائے گی، آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر ملنے ہیں، پروگرام میں توسیع سے مزید 2 ارب ڈالر مل جائیں گے، آئی ایم ایف سے معاہدے سے ورلڈ بنک سے ایک ارب ڈالر ملیں گے، اس کے بعد اے ڈی بی سے اڑھائی ارب ڈالر آئیں گے، مجموعی طور پر 8.9 ارب ڈالر پائپ لائن میں ہیں۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے یکم جون سے پیٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ 26 مئی کو 30 روپے کا بڑا اضافہ کیا ہے یکم کو پھر سے قیمتیں بڑھانا مناسب نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ایک پراسس ہے، اوگرا سمری پیٹرولیم پھر فنانس اور اس کے بعد وزیراعظم کو جاتی ہے، ابھی تک سمری نہیں آئی اور آئے گی تو مزید غور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ 10جون کوپیش کریں گے، ہم نے راشن کی اسکیم ختم کردی ہے،دوحہ میں آئی ایم ایف سے اداروں کی نجکاری کےحوالےسے کوئی بات نہیں ہوئی، سیاست چلتی رہتی ہے ہم نے پاکستان کو بچانا ہے، ذاتی استعمال کیلئے باہر سے چیزیں لانے کی اجازت ہے، کھیپ لانے والوں کو روکا جارہا ہے، جو بھی 2ہزار روپے کی بدعنوانی کررہا ہوگا وہ کوئی صاحب ثروت شخص نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں