وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 6 دن کا الٹی میٹم نہ دیں آپ 6صدیوں تک دوبارہ اسلام آباد نہیں آسکتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سیاسی بیانیہ دفن ہوچکا ہے، عمران خان نے آج خود تسلیم کیا کہ وہ ہار کر واپس گئے۔ اداروں کو دھمکیاں نہ دیں،نیوٹرلز نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کا اعلان اپنی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد کیا جائےگا۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آرام کریں اس حالت میں ٹی وی پرآنےکی ضرورت نہیں، ناکام ہوگئے تو سپریم کورٹ کو دھمکی دیتے ہوں کہ پوزیشن واضح کرے۔ عمران خان نے کہا ہم تیاری سے نہیں آئے تھے دوبارہ آئیں گے، ان کی تیاری صرف اسلحہ، ڈنڈے اور گولیاں جمع کرنے کی تھی، جب غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی نیت ہو تو ایسے نتائج ہوتے ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ 35،35 لاکھ روپے لاکھ روپے خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز اور ایم این ایز کودیے گئے مگر اس کے باوجود لوگ جمع نہیں کرسکے۔ آپ اٹک سے ایف 8 تک پہچے کون سی رکاوٹ تھی؟ اسلام آباد پہچنے کے بعد آپ کی گاڑیاں15، 20رہ گئیں تھیں۔ آپ اٹک سے ایف 8 تک پہنچے کون سی رکاوٹ تھی؟ اسلام آباد پہچنے کے بعد آپ کی گاڑیاں15، 20رہ گئیں تھیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جو جلسی نہیں کرسکا وہ 6 دن بعد لانگ مارچ کیسے کرنے آئے گا؟ خود ہیلی کاپٹرمیں تھے، عوام کو کال دے رہے تھے پولیس کو ڈنڈے مارو۔ تحریک انصاف کے عہدیدار نے اس پولیس انسپکٹر کو شہید کیا، جوپولیس انسپکٹرشہید ہوئے عمران خان ان کے گھرکیوں نہیں گئے۔ جس دن پتہ چلا عدم اعتماد کامیاب ہونیوالی ہے تب پٹرول پرسبسڈی دی، آئی ایم ایف معاہدے پر آپ نے دستخط کیے اس وجہ سے پیٹرول مہنگاہوا، آپ کو جواب اور حساب دونوں دینا پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا گھر چھوڑیں پشاورمیں ہی رہنا ہے تو کرائے پر گھرلیں اور شہباز شریف کو دیکھیں اور سیکھیں کیسے کام کیا جاتا ہے۔