چندی گڑھ: مشہور بھارتی گلوکار سدھوموسے والا کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجابی میوزک انڈسٹری کے اسٹار 28 سالہ سدھو موسے والا کو بھارتی پنجاب کے ڈسٹرکٹ مانسہ میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے، حادثے کے وقت وہ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں سفر کررہے تھے۔
گلوکار کی گاڑی پر گاؤں جھواہر میں ایک مندر کے قریب نامعلوم افراد نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی، جس کے نتیجے میں مشہور گلوکار اور کانگریس رہنما سبھدیپ سنگھ سدھو اور دیگر دو ساتھی شدید زخمی ہوگئے، انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے سدھو موسے والا کی موت کی تصدیق کردی۔ گلوکار کو کم از کم 10 گولیاں ماری گئیں۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے گزشتہ روز ہی سدھو موسے والا سمیت 424 وی آئی پی شخصیانت سے سیکیورٹی واپس لے لی تھی۔
سدھو موسے والا کا تعلق بھارتی پنجاب کے ڈسٹرکٹ مانسہ کے قریب گاؤں موسے والا سے تھا، ان کے کروڑوں چاہنے والے تھے وہ نوجوانوں میں بے حد مقبول تھے، ان کے گانے بھارت کے علاوہ پاکستان میں بھی پسند کیے جاتے تھے۔
انہوں نے گزشتہ برس سیاست میں آنے کا اعلان کیا تھا، اور کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن بھی لڑا، جس میں انہیں عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔