وزارت داخلہ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیخلاف سنگین مقدمے کیلئے ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کرلیا گیا ، جس میں اہم فیصلے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیخلاف سنگین مقدمے کیلئے ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کرلیا گیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس آج شام وزارت داخلہ میں رانا ثنااللہ کی زیر صدارت ہوگا ، جس میں قمرزمان، اعظم نذیر تارڑ،مریم اورنگزیب،ایاز صادق ،اسعدمحمود شریک ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے رپورٹ کاجائزہ لیا جائے گا جبکہ عمران خان کیخلاف سیکشن 124اے کے تحت کارروائی کے فیصلے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ سی آرپی کی دفعہ اے124 بغاوت اور وفاق کیخلاف اکسانا،نفرت پھیلانے پر ہے، سی آر پی کی دفعہ اے 124 کے تحت عمر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے ، 5رکنی وزارتی کمیٹی گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قائم کی گئی تھی۔
یاد رہے دو روز قبل وفاقی کابینہ نے عمران خان کے بیانات اور کارکنوں کے اسلحہ کے ساتھ اسلام آباد پر حملے کا سخت نوٹس لیا تھا ، اجلاس میں وزیراعظم نے رانا ثنااللہ، مشیر امور کشمیر و جی بی قمر زمان سمیت 5رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ 25مئی کو لانگ مارچ سیاسی نہیں بلکہ ریاست مخالف سازش تھی، ریاست مخالف لانگ مارچ ہوا تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔