وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بدترین بحران پر وزراء اور حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی کریں ، دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ برداشت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی بحران کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن میں ہوا، جس میں وزارت توانائی کے افسران اور لیسکو حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک میں بجلی کے بدترین بحران پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزراء اور حکام کی وضاحتیں مسترد کردیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کچھ بھی کریں، 2 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کےعلاوہ کچھ برداشت نہیں ، عوام کو مشکل سے نکالیں ، کوئی وضاحت نہیں چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو لوڈشیڈنگ کی تکلیف سے نجات چاہیے، عوام تکلیف میں ہوں اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال قبول ہے نہ سمجھوتہ ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ کسی وزیراورافسرکوسکون سےنہیں بیٹھنےدوں گا، دن رات ایک کرکے عوام کاسکون ،کاروباربحال کریں۔