برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرنے پر رضامند ہوگیا ، خوردنی تیل کے 10 بحری جہاز 2ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے لئے بڑی پیش رفت سامنے آئی ، برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرے گا۔
خوردنی تیل کے 10 بحری جہاز 2ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے ، 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گا۔
وزیراعظم کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدرجوکو ویدودو سے فون پرگفتگو ہوئی تھی ، جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر وفد کا دورہ انڈونیشیا اور وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔
انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پروزیر صنعت وپیداوار مرتضی محمود نے معاملات طے کیے۔
پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا، وفدمیں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمین طارق اللہ اور رکن رشید جان شامل تھے۔