چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ پولنگ افسران کو انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانےکے لیے ہرممکن کوشش کرنےکی ہدایت کی ہے۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے متعلقہ پولنگ افسران سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں ہدایت کی کہ وہ کسی قسم کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں، انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانےکی ہرممکن کوشش کریں۔
چیف الیکشن کمشنرکا کہنا تھا کہ الیکشن اور پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیمیں صورت حال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ الیکشن کمیشن بھجوائیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کو چوکنا رہنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن کا بھی حکم دیا ہے۔