سندھ بلدیاتی انتخابات: پریزائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل
سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوران تھر پارکر میں سرکاری ملازم کی جانب سے پریزائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
26 جون کو سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران تحصیل اسلام کوٹ میں سرکاری ملازم نے پریزائیڈنگ افسر کو تھپڑ ماردیا اور اسے گالیاں بھی دیتا رہا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پریزائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے اور اس کے ساتھ گالم گلوچ کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن تھر پارکر کی جانب سے جاری پریس ریلیز اور ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن سندھ نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، مانیٹرنگ افسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تھر پارکر کو طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے خط میں کہا گیا ہےکہ یہ عمل جرم کے مترادف ہے اور اس کے خلاف کئی قانونی اثرات ہوسکتے ہیں، اس واقعےکی تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں فوری جمع کرائی جائے۔