آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مضبوط تعلقات ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کا قطر کا سرکاری دورہ کیا، دورے کے دوران آرمی چیف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد التھانی ، نائب وزیراعظم ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی، سیکیورٹی تعاون اور علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، معززین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا جبکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی عظیم تاریخ رکھتے ہیں، مضبوط تعلقات ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔