کراچی میں آئندہ تین روز میں موسلا دھار بارشیں متوقع، اربن فلڈنگ کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز میں شہر میں ایک بار پھر موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ اندرون سندھ میں کل صبح سے بارشیں ہوسکتی ہیں جب کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اگلے تین سے چار دن میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ 30 جون سے ملک بھر میں معمول سےزیادہ بارشیں ہوئی ہیں اور 5 سے 11 جولائی تک شہر میں 342 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ شہر میں آئندہ تین سے چار روزکے دوران کم از کم 60 سے 70 ملی میٹربارشیں ہوسکتی ہیں جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 جولائی سے مون سون کا مضبوط سسٹم سندھ میں داخل ہوسکتا ہے اور مون سون سسٹم 18 جولائی تک اثرانداز رہے گا۔
اس کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، عمرکوٹ اور میرپورخاص سمیت دیگر اضلاع میں 18 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، تیزبارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں