پاکستان مسلم لیگ (ق) نے رانا ثنا اللہ کی جانب سے 5 ایم پی اے غائب کرنے کرنے کے بیان کیخلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ، حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب کیخلاف کارروائی کی استدعا کردی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئی جی اور چیف سیکرٹری کوسزا بھی ہوگی، آئی بی والے بجائے اس کے پتہ کریں مقصود چپڑاسی اور ڈاکٹر رضوان کو کس نے مارا وہ لوکیشنز دے رہے ہیں، شریفوں نے اپنا چہرہ تو پہلے ہی دکھا دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں افسوس ہوتا ہے کہ یہ لوگ سیاست کے قابل ہی نہیں، آئی ایم ایف کی قسط کا روز اعلان کرتے ہیں ابھی تک کچھ بھی نہیں ہوا، مفتاح اسماعیل کا مفتا لگا ہوا ہے، رانا ثنا اللہ کو وزیر داخلہ بنایا جو ان کے قابو میں نہیں آرہا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین کی لوکیشن ٹریس کرنے کیلئےسیل بنا رکھا ہے، یہ بہت بری طرح ناکام ہوئے اور اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، مریم صفدر نے بڑا اچھا بیان دیا کہ ہم الیکشن ہار گئے ہیں۔