پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ (اظہار آمادگی کے خط) پر اتفاق ہو گیا۔
پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کو بجھوائے گئے اظہار آمادگی کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 50 روپے لیٹر تک بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ یکم ستمبر سے پیٹرول پر 10 روپے اور ڈیزل پر 5 روپے لیوی بڑھائی جائے گی جبکہ ستمبر میں پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 30 اور ڈیزل پر 15 روپے ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں لیوی میں مزید پانچ پانچ روپے لیٹر اضافہ کیا جائے گا اور اس طرح جنوری 2023 تک لیوی بڑھ کر 50 روپے فی لیٹر تک ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ اس وقت پیٹرول لیوی 20 روپے اور مٹی کے تیل پر 10 روپے ہے جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت نے رواں مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی کے لیے چند روز قبل لیٹر آف انٹینٹ بھیجا تھا جسے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور گورنر اسٹیٹ بینک کے دستخط کے بعد دوبارہ آئی ایم ایف کو بھجوا دیا گیا ہے۔