چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے سیاسی شعور کی حامل اقوام ہی فِکر و وجود پر پڑی غلامی کی بیڑیاں توڑتی ہیں۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی نے فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسہ کیا جس سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر پارٹی قیادت نے بھی خطاب کیا تھا۔
عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے 4 مہینے میں ملک کا بیڑا غرق کردیا، یہ صرف کرپشن کیسز ختم کروانے آئے ہیں، الیکشن سے بھاگنے کا مقصد نومبر میں مرضی کا آرمی چیف لگانا ہے۔
عمران خان کے بیان پر وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ملک دشمن ایجنڈے سے تشبیہ دی تھی۔
تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سوشل میڈیا پر گزشتہ روز کے جلسے کی مختصر سی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران فیصل آباد میں یہ ہمارا دوسرا جلسہ تھا، ہمارا یہ اجتماع پہلے جلسے سے بھی بڑا تھا، ماشاءاللہ۔
عمران خان نے مزید لکھا کہ پاکستان بدل چکا اور سیاسی طور پر کہیں آگے بڑھ چکا ہے، سیاسی شعور کی حامل اقوام ہی فِکر و وجود پر پڑی غلامی کی بیڑیاں توڑتی ہیں۔