پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تھری اسٹوجز جان چکے ہیں کہ وہ فیئر میچ کھیل کر مجھ سے نہیں جیت سکتے۔
پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تھری اسٹوجز کو معلوم ہے کہ جب بھی الیکشن ہوئے یہ لوگ ہار جائیں گے، یہ کوشش کر رہے ہیں کسی طرح بڑی پارٹی کو اداروں سے لڑایا جائے، موجودہ وزیراعظم غیرت مند ہوتا تو اپنا چوری کا پیسہ باہر سے یہاں لاتا، اپنا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر رکھا ہوا ہے اور باہر جا کر پیسے مانگتے ہیں، چوری کے پیسے سے ارکان خریدے جاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم پر مسلط چوروں کو ٹولے کو پتا چل گیا ہے کہ یہ ہمیں ہرا نہیں سکتے، اب ان کی کوشش ہے کسی طرح عمران خان کو سیاست سے باہر نکالیں، کبھی توشہ خانہ اور کبھی الیکشن کمیشن کو استعمال کیا جا رہا ہوتا ہے، دہشت گردی کے مقدمے میرے خلاف درج کرا دیے گئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کو ڈر تھا عمران خان رہا تو یہ لوگ جیل میں جائیں گے، مہنگائی کوئی وجہ نہیں تھی یہ بس ہماری حکومت گرانا چاہتے تھے، یہ لوگ این آر او ٹو لینا چاہتے تھے جو ہم نے نہیں دیے، یہ لوگ اقتدار میں اپنے کیسز معاف کرانے آئے ہیں۔