اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی درجہ حرارت بڑھانے میں پاکستان کا قصور نہیں لیکن پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دنیا آگے آئے اور پاکستان کی مدد کرے۔
انہوں نے کہاکہ گلوبل وارمنگ کا ذمے دارپاکستان نہیں لیکن دوسروں کی غلطی کی سزاپاکستان بُھگت رہا ہے، تباہی کے ذمے دارملکوں کی ذمے داری ہے کہ پاکستان میں بحالی کا کام کریں.
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے ایک بار پھر عالمی برادری کے نام پیغام میں کہا کہ میں ذمے دارملکوں سے عملی طور پر پاکستان کی مدد کرنے کا کہہ رہاہوں، اقوام متحدہ پاکستان کی آواز کے ساتھ آواز ملائے گا۔
انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا، اوستہ محمد میں خیمہ بستی اورضلع لاڑکانہ کے امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے مسائل سنے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان تیس ارب ڈالرز کا ہوگیا ہے اور یہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یکجہتی کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے، عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے خاص طور پر وہ ملک جنہوں نے درجہ حرارت بڑھا کر زمین کو نقصان پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فطرت کے خلاف جنگ کی، فطرت نے تباہ کن انداز میں پلٹ کر ہم پر وار کیا لیکن زیادہ نقصان اسے پہنچایا جس کا قصور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جہاں پاکستان کھڑا ہے کل وہاں آپ کا ملک ہوسکتا ہے، ہمیں اسے روکنا ہوگا اور فوری روکنا ہو گا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قرضوں کی واپسی میں پاکستان کی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان تیس ارب ڈالرز ہوچکا ہے، جو آگے جا کر مزید بڑھ سکتا ہے۔