شعیب کو ٹوئٹ نہیں کرنی چاہیے تھی لیکن وہ ٹیم میں شامل ہونیکا مستحق تھا: آفریدی

پاکستان کے سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کو انگلینڈ کی ہوم سیریز کے خلاف ٹیم میں رکھنا چاہیے تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں قومی اسکواڈ کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا ‘مجھے بہت خوشی ہے کہ ٹیم میں شان مسعود کی واپسی ہوئی لیکن شعیب ملک کو 3 سے 4 میچز دینے چاہیے تھے’۔

شاہد آفریدی نے کہا ‘ہماری ٹیم کو اس ایریا میں ایک اچھے بیٹر کی ضرورت ہے اور وہ (شعیب ملک) تجربہ کار ہے، مسلسل اسی نمبر پر کھیلتا رہا ہے’۔
ایشیا کپ کے اختتام کے بعد شعیب ملک کی جانب سے پسند ناپسند اور دوستی یاری کے کلچر والی ٹوئٹ سے متعلق سابق کپتان نے کہا ‘میرا نہیں خیال شعیب ملک کو وہ ٹوئٹ کرنی چاہیے تھی، اسے ضرورت نہیں تھی وہ کرنے کی، تھوڑا انتظار کرلیتا، ٹیموں کا اعلان ہونا تھا’۔

شاہد آفریدی نے شعیب ملک سے متعلق مزید کہا ‘وہ لڑکا ٹیم میں ہونے کا مستحق تھا، اس نے دنیا میں ہر جگہ کرکٹ کھیلی ہے اور وہ ہر ٹیم میں پرفارم کرتا ہے، دنیا کی ہر فرنچائز کا انتخاب شعیب ملک ہوتا ہے، وہ سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی ہے’۔

انہوں نے کہا ‘شعیب کے ہونے سے بابر اعظم کو گراؤنڈ میں بہت سپورٹ ملتی چاہے وہ کھیلتا یا نہیں’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں