سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بار پھر پیش گوئی کی ہے کہ سیاست کا فائنل راؤنڈ ہے، اگلے دس دن میں اہم فیصلے ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اےآروائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں جو میٹنگز ہوئی ہیں وہ پاکستان اورعوام کیلئے خوش آئندہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ادارے ہمیشہ عوام کے ساتھ ہوتے ہیں لیکن معیشت کی حالت اچھی نہیں عوام پریشان ہیں، پاکستانی عوام اور دنیا کو پتہ ہے اس حکومت نےجانا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں کشش نہیں اور سیاست کا فائنل راؤنڈہے، میں نے 16نومبر کی تاریخ میں دی تھی کہ اہم فیصلے ہوں گے، اب کہہ رہا ہوں اگلے 10 دن میں اہم فیصلے ہوجائیں گے۔
موجودہ حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں نوازشریف کی نااہلی کسی طرح ختم ہوجائے مگراس کام کیلئے ہمیں بکرا نہیں بنایا جاسکتا، الیکشن کی تاریخ آنی چاہیے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ محکموں کے پاس تنخواہ دینے کے لیے پیسے نہیں، ملک میں کاروباری افراد کو مسائل کا سامنا ہے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اس تمام صورتحال میں ن لیگ کا بہت نقصان ہوا ہے، ن لیگ کے حالات ہم سے بھی زیادہ خراب ہوگئے ہیں۔