بین الاقوامی دفاعی نمائش کا آج سے آغاز، سڑکیں بند، سیکیورٹی کے انتظامات سخت

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا آغاز آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہورہا ہے تاہم افتتاحی تقریب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک ہوئے۔

بین الاقوامی دفاعی نمائش کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔

متبادل ٹریفک پلان:

متبادل ٹریفک پلان کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر جانے والی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک پر پابندی ہوگی۔ شاہراہ فیصل کی نرسری سے شاہ سلیمان روڈ تک بھاری گاڑیوں اور کمرشل ٹریفک پر مکمل پابندی ہوگی۔
ہیوی اور کمرشل ٹریفک کا متبادل راستہ ڈرگ روڈ سے نیپا چورنگی ہو گا جبکہ راشد منہاس روڈ ملینیم مال سے ڈالمیا روڈ تک ہیوی ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید یہ کہ نیپا چورنگی سے مزار قائد تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ نیو ٹاؤن تھانے سے اسٹیڈیم روڈ تک ٹریفک بند رہے گی۔
کراچی ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ کے دونوں ٹریکس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا تاہم حسن اسکوائر سے شاہراہ فیصل فلائی اوور جانے والا راستہ بند رہے گا۔

نمائش کے اوقات کے دوران، سر شاہ سلیمان روڈ کے دونوں ٹریک صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک بند رہیں گے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں خصوصی اسٹیکرز والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

بین الاقوامی دفاعی نمائش 2022:

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کراچی ایکسپو سینٹر میں 15 سے 18 نومبر تک منعقد ہوگا۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن نے اس نمائش کا اہتمام کیا ہے، جو دنیا بھر سے دفاعی صنعتوں کو اپنی جدید ترین تکنیکی اختراعات کی نمائش کے لیے اکٹھا کرتی ہے۔

Advertisement

اپنا تبصرہ بھیجیں