ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ملکی سطح پر جدید ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیئے کوشاں ہے، جدید ٹیکنالوجیز کی بدولت پاکستان کے فضائی دفاع کو جدید، موثر اور ناقابل تسخیر بنایا جا سکے گا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی آئیڈیاز 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور پاک فضائیہ کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے پویلین میں نمائش کے لیئے پیش کی جانے والی جدید ٹیکنالوجیز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی سطح پر جدید ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیئے کوشاں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سربراہ پاک فضائیہ نے ایرو اسپیس، سائبر، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے موجود اور نئی ابھرتی ہوئی، ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز کی ملکی سطح پر تیاری کو فروغ دینے کے جامع منصوبوں کا ذکر کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ائیر چیف نے حاضرین کو پاک فضائیہ کے پراجیکٹ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک دنیا کے بہترین ایرو اسپیس، سائبر اور آئی ٹی کلسٹرز میں سے ایک ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ، ڈیزائن، تحقیق و ترقی اور ابھرتے ہوئی ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز کے اختراعی مراکز کے ساتھ قومی منظر نامے کو بدل دے گا اور اس پراجیکٹ کے ذریعے ملک کے لیئے زیادہ سے زیادہ سماجی، اقتصادی، سیکورٹی اور سائنسی فوائد حاصل کیئے جاسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ آئیڈیاز 2022 میں جدید ایرو اسپیس، ایویونکس، سائبر اسپیس اور ان سے تعلق رکھنے والی دیگر ٹیکنالوجیز کی نمائش کر رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے پویلین میں شامل نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ صنعت اور تعلیمی شعبوں میں ربط کے قیام کے لیئے ایک اہم قدم ہے اور اس پراجیکٹ میں پہلے قومی ایرو اسپیس کلسٹر، یونیورسٹیوں اور علاقائی سطح پر ایرو اسپیس، سائبر، آئی ٹی اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کا قیام شامل ہے۔
اسکے علاوہ فضائی کمیونیکیشن سسٹمز، ہوا سے ہوا میں کام کرنے والی اور ایئر سیکیور نیٹ ورکس کی حامل ٹیکنالوجیز شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ کا ایئر اور گراؤنڈ سی-2 صلاحیتوں کے حامل آلات، موونگ میپ سیچویشنل اوئیرنیس ڈسپلیز، ملٹی پلیٹ فارم ایویونکس انٹیگریشن، ایئر کرافٹ ڈویژن، مائیکرو جیٹ انجن ڈویلپمنٹ اور سمولیشن ڈویژنز بھی نمائش کے لیئے پیش کیا گیا جبکہ فخر پاکستان جےایف-17 تھنڈر، سپر مشاق ٹرینر بھی اسٹیٹک ڈسپلے میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق نمائش میں 57 ممالک کے 400 سے زائد مندوبین نے شرکت کی جبکہ اعلیٰ سطح کی غیر ملکی شخصیات سمیت سول اور عسکری حکام بھی نمائش میں شریک ہوئے۔