حکومتِ پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ آج ایک تاریخی اجتماع ہوگا ، جس میں عمران خان اہم اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج شاہ محمودقریشی اور اسدعمر کی قیادت میں پہنچنے والے مارچوں کا اجتماع روات میں ہوگا، آج ایک تاریخی اجتماع ہوگا جس سے پاکستانی قوم کے متفقہ لیڈرعمران خان سوا4 بجےاہم خطاب کریں گے۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان خطاب کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے، اس وقت پوری قوم شدت سے عمران خان کے خطاب کاانتظار کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے لیڈر کی کال کے لیے تیار ہے اور پاکستانی قوم بھرپورپیغام دےگی کہ یہ قوم کسی کی غلامی قبول نہیں کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حقیقی آزادی حاصل کی جائےگی جہاں قانون کی نظر میں سب برابر ہوں، جمہوریت کاصحیح معنوں میں نفاذہوگا، عوامی نمائندے عوام کی خدمت کریں گے،ریاست مدینہ کی طرزپرریاست قائم ہوگی۔
خیال رہے تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دونوں حصے شاہ محمود اور اسد عمر کی قیادت میں دو مختلف روٹس پر آج روات میں اکٹھے ہوں گے۔
عمران خان سوا چار بجے ویڈیو لنک پر شرکاء سے خطاب کریں گے اور اپنے خطاب میں راولپنڈی جانے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔