وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر آج دو روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق 25 نومبر سے 27 نومبر تک سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم استنبول شپ یارڈ میں پاکستان نیوی کے لیے چار ملگیم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا مشترکہ طور پر افتتاح کریں گے۔
روانگی سے قبل وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ تیسرے ملگیم کارویٹ جہاز کا افتتاح ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے دفاعی تعاون کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے رابطے ہماری شراکت داری کی امتیازی خصوصیات ہیں، صدر اردوان کی قیادت میں ہمارے دوطرفہ تعلقات اسٹریٹیجک شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔
دورے کا ایجنڈا
دفتر خارجہ نے کہا کہ دو روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف ترک تاجر برادری کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کریں گے اور ملک کے شہری مرکز استنبول میں قیام کے دوران ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ اس کے بعد شہباز شریف اور اردوان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ملگیم پروجیکٹ
ترکی اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی ملگیم پراجیکٹ -پر 2018 میں ترکی کی سرکاری دفاعی کنٹریکٹر فرم ASFAT inc کے ساتھ دستخط کیے گئے تھے جس کے مطابق پاکستان نیوی ترکی سے ملگیم کلاس کے چار جہاز حاصل کرے گی۔
ملگیم کے جہاز 99 میٹر لمبے ہیں، ان کی نقل مکانی کی صلاحیت 2400 ٹن ہے اور ان کی رفتار 29 ناٹیکل میل ہے، یہ اینٹی سب میرین جنگی فریگیٹس ہیں جنہیں ریڈار سے چھپایا جا سکتا ہے اور اس سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاک بحریہ کے لیے پہلے کارویٹ پی این ایس بابر کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں کی گئی تھی جبکہ دوسرے جہاز پی این ایس بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا تھا۔
بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پاک ترک اسٹریٹیجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ شراکت داری مستقل بہتری کی جانب گامزن ہے۔