جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں جنرل ندیم رضا کی خصوصی الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائینٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ الوداعی تقریب میں سابق چیئرمینوں، تینوں فورسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور تقریب میں سابق چیئرمین اور سینئر افسران نے بھی شرکت کو یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا نے مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور ہمارے بہادر سپاہی اسے مزید مضبوط بنانے میں دریغ نہیں کریں گے۔
آئی اپیس پی آر نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کی توفیق عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، اپنی صلاحیتوں کے مطابق اپنے فرائض ایمانداری، انصاف اور وقار کے ساتھ ادا کئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس موقع پر تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل جنرل ندیم رضا نے گارڈ آف آنر اور مارچ پاسٹ کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا 41 سالہ شاندار فوجی کیریئر کے بعد 26 نومبر کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔