قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس:معاشی اور سلامتی صورتحال پر اہم فیصلے متوقع

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں معاشی اور سلامتی صورتحال پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا۔اجلاس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت شریک ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے ملکی معیشت اور سلامتی پر واضح گائیڈ لائن کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی منظوری بھی لی جائے گی۔ حساس اداروں کے حکام اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے نیا آپریشن پلان بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے
:پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، قومی سلامتی کمیٹی

خیال رہے کہ جمعے کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا جائے گا۔ دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیے پر متحد ہے۔ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔

واضح رہے کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب صوبہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں