کورین بینڈ سے ملنے کی خواہشمند کراچی کی نوعمر سہیلیاں لواحقین کے سپرد

کراچی کے علاقے کورنگی میں گھروں سے لاپتہ ہونے والی دو سہیلیوں کو لاہور میں ریلوے پولیس نے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
کورنگی نمبر 2 کی رہائشی 15 سالہ کنزا دختر محمد جنید اور اس کی سہیلی 17 سالہ نائلہ دختر محمد نوید کورنگی ٹی ایریا میں واقع گورنمنٹ ملت اسکول میں ایک ہی کلاس کی طالبہ ہیں۔

کنزہ کے والد محمد جنید نے 7 جنوری کو کورنگی کے زمان ٹاؤن تھانے میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی، دونوں دوست گھر سے اچانک لاپتہ ہو گئی تھیں اور شام تک واپس نہ آئیں جس پر والد نے پولیس سے رجوع کیا۔

بعد ازاں کورنگی پولیس نے زمان ٹاؤن تھانے میں اغوا کا مقدمہ بھی درج کر لیا تھا، اگلے روز پولیس کو دونوں لڑکیوں کے ٹرین کے ذریعے لاہور چلے جانے کی رپورٹ موصول ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں سہیلیاں کورین میوزیکل بینڈ “بی ٹی ایس” کی مداح ہیں اور ان سے ملنے کے لیے کراچی سے لاہور پہنچیں۔

ادھر لاہور ریلوے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں لڑکیاں تیزگام میں سفر کر رہی تھیں، مشکوک ہونے پر انہیں ریلوے کے ہیلپ ڈیسک لاہور اسٹیشن لایا گیا اور اطلاع ملنے پر کورنگی پولیس نے ان کے لواحقین کو لاہور بھیجا۔

ریلوے پولیس نے لاہور میں دونوں بچیوں میں سے ایک کو اس کے خالو جبکہ دوسری کو والد کے حوالے کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں