لاہور: معروف سماجی شخصیت اور ویلیو گروپ کے چیئرمین میاں زاہد اسلام نےکہا ہے عید الاضحیٰ ہمارا اہم مذہبی تہوار ہے جو ہمیں سنت ابراہیمی کی یاد دلاتا ہے۔ہمیں عید کے اس موقع پر غریبوں اور مسکینوں کے دکھ درد کو محسوس کرنا چاہیے۔ایثار اور قربانی کے جذبے کے تحت محروم طبقوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں عید الاضحیٰ مسلمانوں کیلئے محبت عقیدت ایثار اور غم گساری کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی انتہائی اجر و ثواب کا عمل ہے مگر اس کیساتھ مستحقین اور مفلوک الحال طبقے کا خاص خیال رکھیں۔ مشکلات اور تکالیف کا شکار خاندانوں میں حسب استطاعت خوشیاں بانٹیں اور قیمتی دعائیں لیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت محبت، ایثار اور خوشیاں بانٹنے کا نام ہے۔ دوسروں کے دکھ درد محسوس کرکے اور انکا مداوا کر کے اللہ رب العزت کی خوشنودی اور رضا حاصل کریں۔ انسانیت کے ساتھ حسن سلوک رب کی رحمتوں اور برکتوں کا موجب ثابت ہوگا۔
میاں زاہد اسلام کا یہ بھی کہنا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنے بیٹے کی اللہ کی راہ میں قربانی کی داستان اطاعت الٰہی کی وہ روشن مثال ہے جو رہتی دنیا تک اہل ایمان کیلئے قربانی کی روشن مثال رہے گی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو حکم خداوندی کے بعد کھلے صحرا میں چھوڑ کر عزیز ترین اولاد اور اہلیہ محترمہ کو اپنے خالق و مالک کے حکم کے سامنے قربانی کیلئے پیش کرکے اہل ایمان کے مضبوط اور کامل ایمان کی ناقابل فراموش تاریخ رقم کردی۔ عید الاضحیٰ کا پیغام احساس ایثار اور جذبہ اطاعت خداوندی ہے۔ خالق و مالک کی اطاعت اور حکم کی بجا آوری یہی ہے کہ انسانیت سے محبت احساس اور ہمدردی کا رشتہ جوڑا جائے۔ بندے اور معبود کے درمیان ایمان اور کلمے کی بنیاد پر اس عہد کی پاسداری یہ ہے کہ اپنی عزیز ترین شے کو بھی اپنے رب کی رضا کیلئے قربان کرنے کا جذبہ اور عزم ہمیشہ زندہ رکھا جائے۔
Load/Hide Comments