پی پی 112 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈربلال اشرف بسرا نے پارٹی چھوڑنےکا اعلان کردیا۔
بلال اشرف کی جانب سے پارٹی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان کے ذریعے کیا گیا۔
بیان میں بلال اشرف بسرا نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیاہے۔
بلال اشرف بسرا کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔
سانحہ 9 مئی
9 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنان نے فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک پر حملے کیے جس میں جناح ہاؤس لاہور اور ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو بھی نذر آتش کیا گیا۔
ملک میں 9 مئی کو ہونے والی شرپسندی کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد شرپسندوں کو گرفتار کیا جب کہ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد اب تک پارٹی کے کئی نامور رہنما اسے خیرباد کہہ چکے ہیں جن میں فواد چوہدری، شیریں مزاری، عامر کیانی، علی زیدی، عمران اسماعیل، پرویز خٹک، محمود خان، فردوس عاشق اعوان، فیاض چوہان، ملیکہ بخاری، آفتاب صدیقی، محمود مولوی بھی شامل ہیں جب کہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر بھی تمام عہدوں سے مستعفی ہوچکے ہیں۔
تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والے رہنماؤں کی تعداد 100 سے زائد ہوچکی ہے۔