وزیراعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس کچھ دیر میں ویڈیو لنک پر ہوگا جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت حکومتی اتحادی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں نگران وزیر اعظم کے لیے ناموں پر غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد سمیت دیگر ناموں پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نگران سیٹ اپ پر مشاورت دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
قومی اسمبلی کی تحلیل
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم کا کہنا تھا نگران وزیر اعظم کے نام کے لیے کل سے مشاورت ہو گی اور آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔
خیال رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے اور چند روز قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو بھیج دیں گے۔