تحریک انصاف نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر مزید 8 ارکان سندھ اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو ووٹ دینے پر ارکان کو پارٹی سے نکالا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق جن لوگوں کو پارٹی سے نکالا گیا ان میں بلال احمد،کریم بخش گبول، محمد علی عزیز، عمر اماڑی اور رابعہ اظفر نظامی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ سچ آنند لکھوانی، عمران علی شاہ اور سنجے گنگوانی کی بھی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی ہے، ان ارکان کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، نوٹس کا تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے پر ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے برطرفی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔