تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ بانی تحریک انصاف عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے جس میں میانوانی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں، ہمارا کوئی مطالبہ ایسا نہیں کہ الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ہم بار بار کہہ رہے ہیں لیکن ہمیں کنونشن کرنے نہیں دے رہے، اگر 25 کروڑ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے تو چیف جسٹس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے جس میں میانوانی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا نواز شریف امپائرکے ساتھ مل کر کھیلتے ہیں، اس دفعہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا، ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، اڈیالہ جیل میں شاہ محمود کے سیکرٹری سے ان کےکاغذات نامزدگی چھینےگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی پر دستخط کرائیں گے، مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی، خدشہ ہے اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہوجائیں گے اور ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں جب کہ ٹکٹوں سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔